488سال قبل یورپی اتحادکوشکست،ترکیہ میں تاریخی بحری فتح کی یادتازہ

استنبول (جانو ڈاٹ پی کے)ترکیہ نے پریویزا کی تاریخی بحری فتح کی 488ویں سالگرہ اور یومِ بحریہ کے موقع پر استنبول آبنائے میں 13 بحری جنگی جہازوں کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا۔
وزارت دفاع کی جانب سے منعقد کی گئی پریڈ میں ترکیہ کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ جنگی فریگیٹ TCG Istanbul بھی شامل تھا، جبکہ بحری بیڑے کے ہمراہ 2 آبدوزیں بھی موجود تھیں۔
پریڈ کے دوران TCG Istanbul جب بشکتاش کے ساحلی علاقے میں واقع بارباروس یادگار کے قریب سے گزرا تو جہاز پر موجود ترک بحری اہلکاروں نے عثمانی بحری کمانڈر بارباروس خیرالدین پاشا کی قریبی قبر کو سلامی پیش کی۔
ترک وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں پریویزا کی فتح کی سالگرہ کے موقع پر بارباروس خیرالدین پاشا، قومی ہیرو غازی مصطفیٰ کمال اتاترک اور تمام شہدا و غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بایراکتار نے بھی پریویزا کی فتح کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ 1538 کی یہ تاریخی کامیابی سمندر میں توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کے لیے ترکیہ کی موجودہ کوششوں کو آج بھی تحریک دیتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انقرہ اپنے بحری جہازوں، انجینئرز اور ملکی وسائل کے ذریعے ’’مکمل توانائی خودمختاری‘‘ کے حصول کے لیے کام جاری رکھے گا۔تاریخی طور پر پریویزا کی جنگ 1538 میں عثمانی بحری بیڑے اور یورپی طاقتوں کے اتحاد کے درمیان لڑی گئی تھی۔ بارباروس خیرالدین پاشا کی قیادت میں 122 بحری جہازوں پر مشتمل عثمانی بیڑے نے 262 جہازوں پر مشتمل اتحادی یورپی بیڑے کو شکست دی تھی۔



