ترکیہ نے مصنوعی ذہانت کی دنیا میں نیا پلیٹ فارم متعارف کرا دیا

انقرہ (جانو ڈاٹ پی کے)ترکیہ نے قومی سطح پر مصنوعی ذہانت کا پلیٹ فارم EVREN متعارف کرا دیا، جس کا مقصد ملکی دفاعی صنعت سمیت ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔

ترکیہ کی صدارتی دفاعی صنعتوں کے ادارے کے مطابق EVREN کو دفاعی صنعت کی کمپنیوں، ٹیکنالوجی اداروں، جامعات، محققین، کاروباری افراد اور طلبہ کے لیے تیار کیا گیا ہے، جہاں ڈیٹا، مصنوعی ذہانت کے ماڈلز اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کی سہولت ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگی۔

پلیٹ فارم پر صارفین کے پرامپٹس، جوابات اور استعمال سے متعلق ڈیٹا ترکیہ میں موجود ہائی پرفارمنس GPU انفراسٹرکچر پر پراسیس ہوگا، جس کا مقصد حساس معلومات کو بیرون ملک موجود کلاؤڈ سروسز میں منتقل ہونے سے روکنا ہے۔

EVREN تک e-Government تصدیق کے ذریعے رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ پلیٹ فارم براہ راست فیس کے بجائے ’’تعاون پر مبنی کریڈٹ سسٹم‘‘ کے تحت کام کرے گا، جس میں صارفین ڈیٹا سیٹس اپ لوڈ کرکے، ڈیٹا لیبلنگ یا اپنے تربیت یافتہ ماڈلز شیئر کرکے کریڈٹس حاصل کرسکیں گے۔

حاصل کیے گئے کریڈٹس کو ماڈلز کی تربیت اور بڑے زبان ماڈلز (LLMs) کی انفرنس کے لیے پلیٹ فارم کی ہائی پرفارمنس GPU صلاحیت استعمال کرنے میں خرچ کیا جاسکے گا۔

EVREN پر کمپیوٹر وژن کے لیے آبجیکٹ ڈیٹیکشن، سیگمنٹیشن اور کلاسیفکیشن سمیت ڈیٹا لیبلنگ اور ماڈل ٹریننگ کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ 11 اوپن ویٹ بڑے زبان ماڈلز پر مشتمل انفرنس سسٹم بھی فعال کردیا گیا ہے۔

پلیٹ فارم کی API ساخت کے ذریعے موجودہ ایپلی کیشنز کو EVREN کے انفراسٹرکچر سے منسلک کیا جاسکتا ہے۔ حکام کے مطابق یکم نومبر 2026 تک API کالز بغیر کسی حد اور کریڈٹ میں کٹوتی کے دستیاب ہوں گی۔

ترکیہ کے مطابق EVREN مختصر مدت میں 7 ہزار 500 فعال صارفین تک پہنچ چکا ہے اور مستقبل میں اس میں ملکی سطح پر تیار کیے جانے والے بڑے زبان، تصویر اور آڈیو ماڈلز شامل کیے جائیں گے، جبکہ تقسیم شدہ GPU مینجمنٹ کے ذریعے کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button