لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی

 اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کردی، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔

بھکر، ڈیرہ غازی خان، خوشاب اور میانوالی میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، جبکہ اٹک، بہاولنگر، چکوال، چنیوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، حافظ آباد، جھنگ، جہلم اور لاہور سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے راوی اور ستلج کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، لکی مروت اور ٹانک میں بھی بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی اور میدانی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی اور وسطی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button