بوسیدہ نظام اور کرپٹ قیادت کے ہوتے حالات بہتر نہیں ہوسکتے، محمد یوسف

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ / پی کے)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ بوسیدہ نظام اور اقتدار کی رسیاں کرپٹ و نااہل قیادت کے ہاتھوں میں رہنے تک حالات میں بہتری نہیں آسکتی۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے نظام کی اصلاح اور حقیقی عوامی خدمت کو یقینی بنانا ہوگا بدین میں جماعت اسلامی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور اضافی ٹیکسوں کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں مزید ٹیکس اور لیوی عوامی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں انہوں نے بدین میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بدین ایک پرامن علاقہ سمجھا جاتا تھا، مگر آج یہاں بوری بند لاشیں مل رہی ہیں، جو انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ انتظامیہ کہاں ہے اور وہ منتخب نمائندے کہاں ہیں جو انتخابات کے دوران عوام کی خدمت کے دعوے کرتے ہیں محمد یوسف نے بدین میں منشیات کے مبینہ بڑھتے ہوئے کاروبار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے پھیلاؤ سے نوجوان نسل متاثر ہو رہی ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کی طرف راغب کرنے کے بجائے منشیات کے کاروبار کی جانب دھکیلا جا رہا ہے، جس کے معاشرے پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ بدین میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، منشیات کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری الطاف احمد ملاح ضلع بدین کے امیر انجنيئر سیدعلی مردان شاہ گیلانی جنرل سیکرٹری عبدالکریم بلیدی نائب امراء الله بچايو ہالیپوٹہ.غلام رسول احمدانی نائب قیم علی گل منصوری و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔



