17سالہ لیگ اسپنر اذان احمد پاکستان انڈر17ٹیم کے کپتان مقرر

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا انڈر 17 کے خلاف آئندہ ماہ ملتان میں ہونے والی سیریز کے لیے 17 سالہ لیگ اسپنر اذان احمد کو پاکستان انڈر 17 کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔
پاکستان اور سری لنکا انڈر 17 ٹیموں کے درمیان سیریز 9 سے 24 اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سری لنکن ٹیم 5 اکتوبر کو ملتان پہنچے گی، جبکہ دونوں ٹیمیں 6 سے 8 اکتوبر تک اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔
اذان احمد نے رواں سال نیشنل مینز انڈر 17 کپ میں راولپنڈی کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 میچز میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کارکردگی 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی۔ اذان کی قیادت میں راولپنڈی نے فائنل میں ایبٹ آباد کو 125 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
نیشنل انڈر 17 کپ کے بعد 48 کھلاڑیوں کو فیصل آباد میں اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ کے لیے طلب کیا گیا، جن میں سے 30 کھلاڑیوں کو کیمپ کے دوسرے مرحلے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے منتخب تمام 16 کھلاڑی نیشنل انڈر 17 کپ میں حصہ لے چکے ہیں۔
پاکستان انڈر 17 اسکواڈ
اذان احمد (کپتان)، عبداللہ احمد بٹ، ارسلان حسن، داؤد توقیر رانا، فہد اقبال، حامد رضا، حمزہ عباس بلوچ، حسن علی، محمد عیسیٰ بلوچ، محمد احسان، محمد نوید، محمد صائم، محمد یعقوب خان، محمد یوسف، شیر ولی خان اور سدیس احمد۔
ریزرو کھلاڑی: عمار خان، عماد علی شاہ، نفیس اختر اور ثاقب خان
شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین روزہ میچ 9 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، جبکہ ون ڈے میچز 15، 17، 19، 21 اور 24 اکتوبر کو ہوں گے۔



