جنگیں بے وقوفی ہیں، دونوں فریق تباہ ہوتے ہیں،سلویسٹراسٹالون

لاس اینجلس (جانو ڈاٹ پی کے)ہالی وڈ کے سپر اسٹار سلویسٹر اسٹالون نے جنگوں کو بے وقوفی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگیں دونوں فریقوں کو تباہ کر دیتی ہیں، جبکہ جنگی اداروں اور ہتھیار بنانے والی کمپنیوں کے لیے یہ بھاری رقم کمانے کا ذریعہ بن جاتی ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں 80 سالہ اداکار سے جب 1980 کی دہائی کی مشہور ایکشن فلم ’ریمبو‘ کے بارے میں پوچھا گیا کہ آیا یہ فلم ان کی ذاتی سوچ اور نظریات کی عکاسی کرتی تھی تو انہوں نے اپنے موجودہ خیالات بیان کیے۔سلویسٹر اسٹالون کا کہنا تھا کہ اب وہ سمجھتے ہیں کہ تمام جنگیں بے وقوفی ہیں کیونکہ ان میں دونوں فریق تباہ ہوتے ہیں اور نوجوان فوجی اپنی جانوں اور جسموں سے محروم ہو جاتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ اگر کسی ملک پر حملہ ہو رہا ہو تو اسے یقیناً اپنا دفاع کرنا چاہیے، تاہم بنیادی طور پر جنگیں دونوں فریقوں کو تباہ کر دیتی ہیں۔ ان کے بقول جنگوں کے نتیجے میں دشمنیاں نسلوں تک قائم رہتی ہیں، ممالک تباہ ہوتے ہیں اور سرحدوں کی لکیریں دوبارہ کھینچی جاتی ہیں۔سلویسٹر اسٹالون نے مزید کہا کہ اب انہیں احساس ہوتا ہے کہ جنگیں اکثر جنگی محکموں اور ہتھیار بنانے والے اداروں کے لیے بڑی آمدنی کا ذریعہ بن جاتی ہیں، جبکہ نوجوانوں کو جنگ کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے جنگوں کے نتیجے میں فوجیوں کے زخمی اور جسمانی اعضا سے محروم ہو کر واپس آنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسی صورتحال سے نفرت ہے اور وہ اس کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔



