ایک سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم رہا،ایچ ایس وائی کا بڑا انکشاف

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف ڈیزائنر و اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک حادثے کے بعد تقریباً ایک سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے مکمل طور پر محروم رہے۔ایک حالیہ انٹرویو میں ایچ ایس وائی نے بتایا کہ بینائی سے محرومی کا تجربہ ان کے لیے انتہائی مشکل تھا اور اس دوران وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہے۔ ان کے مطابق اس واقعے نے زندگی کو دیکھنے اور محسوس کرنے کے ان کے انداز کو بھی بدل دیا۔ایچ ایس وائی نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دنوں میں وہ اپنے ایک دوست کے ہمراہ افطاری کا کھانا لینے گئے تھے۔ واپسی پر گاڑی ان کا دوست چلا رہا تھا کہ راستے میں اذان ہوگئی۔ انہوں نے کھانے کا بیگ کھولا تو اس میں سے نکلنے والی بھاپ کے باعث گاڑی کے اندر ہر چیز دھندلی ہوگئی۔ان کے مطابق جب تک دوست نے گاڑی کے شیشے صاف کیے، گاڑی سڑک سے اتر کر ایک چیز سے ٹکرا چکی تھی اور وہ ونڈ اسکرین سے جا ٹکرائے۔ ایچ ایس وائی کا کہنا تھا کہ حادثے کے نتیجے میں ان کی دونوں آنکھوں کی بینائی متاثر ہوگئی۔فیشن ڈیزائنر نے بتایا کہ اچانک بینائی سے محرومی کے بعد انہیں اپنے دیگر حواس پر زیادہ انحصار کرنا پڑا۔ ان کے بقول اس دوران ان کی سماعت سمیت دیگر حواس غیر معمولی طور پر زیادہ حساس ہوگئے تھے۔ایچ ایس وائی نے بتایا کہ تقریباً ایک سال تک بینائی متاثر رہنے کے بعد انہوں نے علاج کروایا اور ان کی متعدد سرجریز ہوئیں، جس کے بعد بالآخر ان کی بینائی واپس آگئی۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل تجربے نے ان کی زندگی اور چیزوں کو محسوس کرنے کے انداز پر گہرا اثر ڈالا۔

مزید خبریں

Back to top button