خیبرپختونخوا میں ارکان اسمبلی کے خلاف پولیس کارروائیاں، اسپیکر نے ریکارڈ طلب کرلیا

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے ارکان اسمبلی، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز سے متعلق پولیس کارروائیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے آئی جی خیبرپختونخوا کو بھیجے گئے مراسلے میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مذکورہ پارلیمانی عہدیداروں سے متعلق پیش آنے والے تمام واقعات کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔مراسلے میں متعلقہ افراد کی گرفتاری یا حراست، ان کی رہائش گاہوں پر چھاپوں، حملوں اور تلاشی سے متعلق کارروائیوں کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس اسٹیشنز میں درج متعلقہ رپورٹس اور ایف آئی آرز کے ساتھ واقعات کی پولیس کو اطلاع دینے والے افراد کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔اسمبلی سیکرٹریٹ نے ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ مکمل ریکارڈ فوری طور پر فراہم کیا جائے تاکہ اسے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے پیش کیا جاسکے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسپیکر بابر سلیم سواتی نے ارکان اسمبلی کی گرفتاری اور حراست سے متعلق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اختیارات، استحقاقات و مراعات ایکٹ 2026 کی شق 11 پر عملدرآمد کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس شق کے تحت فوجداری مقدمے میں کسی رکن اسمبلی کی گرفتاری یا حراست سے قبل اسپیکر سے پیشگی اجازت لینے کی شرط بیان کی گئی ہے۔مراسلے میں آئین پاکستان کے آرٹیکلز 66، 67 اور 127 کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے قواعد و ضابطہ کار 2025 اور صوبائی اسمبلی اختیارات، استحقاقات و مراعات ایکٹ 2026 کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔اسپیکر کی جانب سے یہ اقدامات صوبے میں ارکان اسمبلی سے متعلق پولیس کارروائیوں اور پارلیمانی استحقاقات کے معاملے پر جاری بحث کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button