ایم ون پانچویں روز بھی بند، اسلام آباد سے پشاور تک اہم شاہراہ پر ٹریفک معطل

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)اسلام آباد اور پشاور کے درمیان اہم رابطہ ایم ون موٹروے پانچویں روز بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق ایم ون موٹروے پر اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک ٹریفک معطل ہے، جبکہ موٹروے کے مختلف داخلی و خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے گئے ہیں۔دوسری جانب ہکلہ، ڈی آئی خان موٹروے بھی اسلام آباد سے میانوالی تک ٹریفک کے لیے بند ہے، تاہم خیبرپختونخوا اور پنجاب کے درمیان دیگر رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔اٹک کے مقام پر جی ٹی روڈ بھی بحال کردی گئی ہے، جبکہ حطار، ہری پور روڈ اور خان پور، ہری پور روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔موٹرویز کی مسلسل بندش کے باعث شہریوں کو متبادل راستوں پر سفر کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ اہم شاہراہوں کی بحالی کے بعد معمول کی ٹریفک کی روانی بحال ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔



