این اے168ضمنی انتخاب،111پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں ن لیگی امیدوار کو برتری

 بہاولپور (جانو ڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جبکہ ابتدائی غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کو آزاد امیدوار ولی داد چیمہ پر برتری حاصل ہے۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق 111 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوچکے ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) کے ملک منیر اقبال چنڑ نے 18 ہزار 433 ووٹ حاصل کیے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 10 ہزار 793 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں.حلقے میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز اور 896 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے، جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 83 ہزار 143 ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک جاری رہی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا۔این اے 168 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو امیدوار نامزد کیا، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔انتخاب میں مجموعی طور پر 20 امیدوار میدان میں تھے، تاہم مرکزی مقابلہ ملک منیر اقبال چنڑ اور ولی داد چیمہ کے درمیان رہا۔

واضح رہے کہ یہ نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، حتمی نتیجہ متعلقہ انتخابی حکام کی جانب سے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج مرتب کیے جانے کے بعد جاری کیا جائے گا

مزید خبریں

Back to top button