فرانس کا سعودی عرب کو دفاعی فوجی تعاون فراہم کرنے کا اعلان

پیرس (جانو ڈاٹ پی کے) فرانس کے وزیر خارجہ جین نوئیل بیرو نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو حوثیوں کے حملوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے فرانس فوجی تعاون کر رہا ہے، تاہم یہ تعاون مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے سعودی عرب کو فوج، ریڈار یونٹس اور دفاعی نظام فراہم کرنے کے اعلان کے بعد فرانسیسی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ فرانس سعودی عرب کے دفاع میں معاونت کر رہا ہے اور اس کا مقصد حوثیوں کے خلاف جنگ میں براہِ راست شریک ہونا نہیں۔

جین نوئیل بیرو سے سوال کیا گیا کہ کیا سعودی عرب کو فراہم کی جانے والی فرانسیسی فوجی مدد حوثیوں کے خلاف جنگ میں فرانس کی شمولیت تصور کی جاسکتی ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ فرانس کا تعاون مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکا کی جنگ شروع ہونے کے بعد ہی فرانس نے اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے تحفظ کے لیے فوجی اثاثے منتقل کر دیے تھے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مطلب یہ نہیں کہ فرانس کسی بھی وقت اس جنگ کا فریق بن جائے گا۔خیال رہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے دو روز قبل کہا تھا کہ فرانس اپنے فوجی اور دفاعی نظام سعودی عرب بھیجے گا تاکہ ساحلی شہر یانبو کو حملوں سے محفوظ رکھنے میں مدد کی جا سکے۔ یانبو سعودی عرب میں توانائی کی فراہمی کا ایک اہم مرکز ہے۔میکرون کے مطابق سعودی عرب بھیجے جانے والے فرانسیسی وسائل میں فوجی اہلکار، ریڈار سسٹم اور دفاعی نظام شامل ہیں، جن کا مقصد تنازع میں براہِ راست شامل ہوئے بغیر سعودی علاقے کا دفاع کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button