ایف بی آر کی منی لانڈرنگ کیسز سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر وضاحت

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) ایف بی آر نے منی لانڈرنگ سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ٹیکس کیس کے زیرِ التوا ہونے کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کی کارروائی نہیں روکی جا سکتی۔

ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے ٹیکس کیس کے اختتام کا انتظار ضروری نہیں، کیونکہ منی لانڈرنگ ٹیکس کیس سے الگ جرم ہے اور دونوں کارروائیاں بیک وقت جاری رہ سکتی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کا ادارہ آئی اینڈ آئی منی لانڈرنگ کی ایف آئی آر درج کرنے اور تحقیقات کا اختیار رکھتا ہے۔ منی لانڈرنگ کے مقدمے کے لیے بنیادی جرم میں پہلے سزا ہونا بھی لازمی نہیں۔

ایف بی آر کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کو عام قوانین پر فوقیت حاصل ہے، جبکہ بینکوں کی جانب سے مشکوک لین دین کی رپورٹس پر قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ منی لانڈرنگ میں استعمال ہونے والی رقم کے ذریعے اور اس کی منتقلی سے متعلق معاملات کا فیصلہ متعلقہ خصوصی عدالتیں کریں گی۔

ایف بی آر کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے ادارے کے خلاف دائر تمام درخواستیں خارج کردی ہیں، جس کا ایف بی آر نے خیرمقدم کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button