اسرائیلی وزیر کا مغربی کنارے میں غزہ جیسی جنگ شروع کرنے کا مطالبہ

مقبوضہ بیت المقدس (جانو ڈاٹ پی کے)اسرائیل کے وزیر خزانہ بتسلئیل سموٹریچ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی غزہ جیسی جنگ شروع کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسرائیلی اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتسلئیل سموٹریچ نے کہا کہ اسرائیل کو مغربی کنارے میں بھی وہی کرنا چاہیے جو اس نے غزہ میں کیا۔

اسرائیلی وزیر نے ایک بار پھر فلسطینی اتھارٹی کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا، جو مقبوضہ مغربی کنارے کے بعض علاقوں میں محدود انتظامی اختیارات رکھتی ہے۔

سموٹریچ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں مزید سخت کی گئی ہیں۔ چیک پوسٹوں کی بندش اور سڑکوں کی ناکہ بندی کے باعث متعدد فلسطینی آبادیوں کا ایک دوسرے سے رابطہ متاثر ہونے کے ساتھ روزگار، گھروں اور بنیادی سہولیات تک رسائی بھی مشکلات کا شکار ہے۔

فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز اور آبادکاروں کے حملوں میں ایک ہزار 206 سے زائد فلسطینی جاں بحق، 13 ہزار 300 سے زیادہ زخمی اور تقریباً 26 ہزار گرفتار ہوچکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان کارروائیوں میں گھروں اور دیگر عمارتوں کی مسماری، مساجد کو نذر آتش کرنا، زرعی زمینوں کو بلڈوز کرنا، کسانوں کو اپنی زمینوں تک رسائی سے روکنا اور فلسطینیوں کی بے دخلی سمیت غیر قانونی یہودی بستیوں کی توسیع شامل ہے۔

غزہ میں اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائی کے نتیجے میں فلسطینی حکام کے مطابق تقریباً 74 ہزار فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ غزہ کے تقریباً 90 فیصد بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق 10 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کے نفاذ کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے جاری رہے، جن میں مزید ایک ہزار 400 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور تقریباً 5 ہزار زخمی ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button