برطانیہ میں امریکی فضائی اڈے کے قریب ہنگامی صورتحال،متعدد افراد گرفتار،املاک خالی کرا لی گئیں

گلوڈیستر شائر (جانو ڈاٹ پی کے)برطانیہ کے مغربی علاقے گلوڈیستر شائر میں امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال اہم ایئربیس کے قریب پولیس نے بڑی ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے متعدد املاک خالی کرا لیں اور کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ گلوڈیستر شائر کے علاقے ویل فورڈ میں پیش آیا، جہاں پولیس کارروائی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم کو طلب کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق بم ڈسپوزل ماہرین علاقے میں موجود متعدد گاڑیوں کا معائنہ کر رہے ہیں، جبکہ پولیس نے احتیاطی اقدامات کے تحت کئی املاک کو خالی کرا لیا ہے۔
گلوڈیستر شائر پولیس کے مطابق گرفتار افراد پر ایکسپلوزوز ایکٹ کے تحت جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ تاہم پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ زیرِ تفتیش گاڑیوں سے کسی قسم کا دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے یا نہیں۔پولیس نے ویل فورڈ میں ایک بڑے واقعے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کے محرکات کے بارے میں بھی فی الحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ویل فورڈ گاؤں مذکورہ ایئربیس کے قریب واقع ہے، جو برطانوی فضائیہ کا اہم اڈہ ہے اور امریکی فضائیہ بھی اسے استعمال کرتی ہے۔پولیس اور بم ڈسپوزل ماہرین کی کارروائی جاری ہے جبکہ مقامی رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ واقعے کی مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔



