عمان کا ایران اور امریکا کو اختلافات مذاکرات سے حل کرنے کا مشورہ

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے)عمان نے آبنائے ہرمز میں محفوظ اور بلا رکاوٹ جہاز رانی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایران اور امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اختلافات کا حل دیرپا سیاسی معاہدے کے ذریعے تلاش کریں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے نیویارک میں خطاب کرتے ہوئے عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد پیدا ہونے والے تنازع نے خطے کی سلامتی کو متاثر کیا اور آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی اور تجارت میں خلل پیدا کیا۔
عمانی وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے اثرات توانائی کے تحفظ، قیمتوں اور عالمی نظام پر اعتماد تک پہنچے ہیں۔
بدر البوسعیدی نے کہا کہ آبنائے ہرمز خطے اور عالمی تجارت کے لیے اہم آبی گزرگاہ ہے، اس لیے اس کے ذریعے جہاز رانی کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے ایران اور امریکا پر زور دیا کہ باہمی اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے دیرپا سمجھوتے کی جانب پیش رفت کی جائے، تاکہ خطے میں استحکام اور عالمی تجارت کو درپیش خطرات کم کیے جاسکیں۔



