پنجاب میں سیاحت کے فروغ سے روزگار اور معیشت مضبوط ہوگی، مریم نواز

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرکے صوبے کی معیشت اور مقامی آبادیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن اور سیاحتی وسائل سے مالا مال ہے، جبکہ پنجاب کے قدرتی مناظر، تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے کشش رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے شنگھائی تعاون تنظیم کی جانب سے لاہور کو رواں سال سیاحتی و ثقافتی دارالحکومت قرار دیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے قدرتی حسن سے مالا مال علاقے ترقی یافتہ ممالک کے سیاحتی مقامات سے کسی طور کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے پائیدار اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ قدیم قلعے، مذہبی مقامات اور خوبصورت وادیاں سیاحت کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مری گلاس ٹرین سیاحوں کے لیے ایک نئی کشش ثابت ہوگی، جبکہ مری مال روڈ سمیت مختلف سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کا کام بھی جاری ہے۔ ان کے مطابق کوٹلی ستیاں بھی نئے سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سیاحت کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پنجاب کے تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی ورثے کو اجاگر کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو جدید سہولیات، ترقیاتی کاموں اور بحالی کے ذریعے مزید پرکشش بنایا جارہا ہے، جبکہ مقامی نوجوانوں اور آبادیوں کے لیے سیاحت کے شعبے میں معاشی مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button