نیپال کے پہاڑی علاقے میں برفانی تودے نے تباہی مچا دی،عملے سمیت 10 افراد لاپتا

کھٹمنڈو (جانو ڈاٹ پی کے)نیپال کے مغربی ضلع منانگ میں 7 ہزار 126 میٹر بلند ہملنگ ہمال چوٹی پر برفانی تودہ گرنے سے کوہ پیماؤں اور معاون عملے سمیت کم از کم 10 افراد لاپتا ہوگئے۔
نیپال کے محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل رام کرشنا لامیچھانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حکام مزید معلومات جمع کرنے کے ساتھ لاپتا افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مغربی پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش اور برف باری کے باعث کوہ پیمائی کی مہمات اور ٹریکنگ سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی مناسلو پر شدید برف باری کے باعث رواں ہفتے کوہ پیماؤں کو اپنی مہمات منسوخ کرنا پڑیں، جبکہ دھولاگیری پہاڑی سلسلے کی جانب ٹریکنگ بھی روک دی گئی ہے۔
نیپال نے رواں موسم خزاں کے کوہ پیمائی سیزن کے لیے 500 سے زائد اجازت نامے جاری کیے ہیں، جن میں سب سے زیادہ اجازت نامے مناسلو کے لیے ہیں۔ دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 نیپال میں واقع ہیں اور غیر ملکی کوہ پیماؤں کی آمد ملک کے دیہی علاقوں کے لیے آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔
دوسری جانب نیپال کے مختلف علاقوں میں جمعرات سے جاری شدید بارشوں کے باعث سڑکیں بہہ گئیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔
ضلع پالپا میں اتوار کو لینڈ سلائیڈنگ سے ایک آبادی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد لاپتا ہوگئے، جبکہ پڑوسی ضلع پربت میں دریائے کالی گنڈکی میں طغیانی سے ایک آبادی زیر آب آگئی اور تقریباً 80 مکانات بہہ گئے۔
یہ واقعات گزشتہ ماہ آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد پیش آئے ہیں، جس میں 1,350 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 5 ہزار سے زیادہ افراد تاحال لاپتا ہیں۔



