عمرہ ویزے کی آڑ میں مبینہ جنسی استحصال کی کوشش ناکام، ملتان ایئرپورٹ پر ایجنٹ گرفتار

ملتان (جانو ڈاٹ پی کے)ملتان ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر جنسی استحصال کے لیے سعودی عرب بھیجنے کی کوشش ناکام بنا دی، جبکہ خاتون کی نشاندہی پر امجد نامی ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق خاتون مسافر انیشہ بی بی فلائٹ نمبر **SV-801** کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب روانہ ہو رہی تھی۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران خاتون کو مزید جانچ پڑتال کے لیے شفٹ انچارج کے حوالے کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران خاتون کو مبینہ جنسی استحصال کے لیے بیرون ملک بھیجنے سے متعلق شواہد سامنے آئے۔ خاتون کے موبائل فون، چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کے دوران بھی مبینہ جنسی استحصال سے متعلق شواہد ملے۔
ایف آئی اے کے مطابق دورانِ تفتیش مبینہ جنسی استحصال کے نیٹ ورک سے متعلق مزید تفصیلات بھی حاصل کی گئیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ خواتین کے جنسی استحصال میں مبینہ طور پر ملوث گینگ کا سرغنہ سعودی عرب سے نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ایجنٹ نے عمرہ ویزے کی آڑ میں خاتون مسافر کو سعودی عرب بھجوانے کے انتظامات کیے تھے۔ خاتون کا موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل مواد مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مبینہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔



