مٹھی میں نوجوان کی موت، ورثاء کا مبینہ بلیک میلنگ کے خلاف احتجاج

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی میں مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ آکر نوجوان سورج ماناڻي کی جانب سے زندگی کا خاتمہ کیے جانے کے واقعے میں نامزد ملزم کی گرفتاری نہ ہونے پر ورثاء نے احتجاج کیا۔

سورج ماناڻي کی والدہ جہمون، والد بھومون میگھواڑ اور دادا کھیمچند میگھواڑ معصوم بچیوں کے ہمراہ تھرپارکر میڈیا سینٹر مٹھی پہنچے، جہاں انہوں نے انصاف کی فراہمی اور نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے احتجاج کیا۔

اس موقع پر ورثاء نے الزام عائد کیا کہ سورج ماناڻي روزگار کے سلسلے میں کراچی گیا تھا، جہاں ونود دھرمائی نامی شخص کی مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ آکر اس نے پھندا لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ورثاء کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود نامزد ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ملزم مبینہ طور پر بااثر ہونے کے باعث آزاد گھوم رہا ہے، جبکہ انہیں کیس سے دستبردار ہونے کے لیے دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

ورثاء نے مزید الزام عائد کیا کہ ملزم کو مبینہ طور پر بعض منشیات فروشوں اور منتخب نمائندوں کی سرپرستی حاصل ہے، جس کے باعث قانونی کارروائی آگے نہیں بڑھ رہی۔

احتجاج کرنے والے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ سورج ماناڻي کے واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور نامزد ملزم کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے۔

ورثاء نے چیف جسٹس، آئی جی سندھ اور متعلقہ حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button