سستے پٹرول اسکیم مزید 10 ماہ جاری رکھنے کا عندیہ، علی پرویز ملک کا بڑا اعلان

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سستے پٹرول اسکیم کو ضرورت پڑنے پر مزید 10 ماہ تک جاری رکھا جائے گا اور اس مقصد کے لیے حکومت اپنے وسائل میں 400 سے 500 ارب روپے تک کمی کرکے رقم عوام پر خرچ کرے گی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیراعظم اور حکومت ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ان کے مطابق اگر یہ نظام مزید 10 ماہ تک چلانا پڑا تو حکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے موٹرسائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی ہے اور اب تک 60 لاکھ سے زائد افراد اپنی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں اسکیم کے تحت رجسٹر کراچکے ہیں۔علی پرویز ملک کے مطابق تقریباً 60 لاکھ افراد کے پاس 20 سال پرانی موٹرسائیکلیں ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کو عوام کی مشکلات اور تکالیف کا احساس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت وہ اقدامات نہیں کرے گی جو ان کے بقول 2022 میں سابق حکومت نے کیے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سے بڑھ کر نہ کسی کا وجود ہے اور نہ سیاست۔ ان کے مطابق اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھ کر کسی کو آزاد کرایا جاسکتا ہے تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے۔حکومت کی جانب سے اعلان کردہ فیول ریلیف اسکیم اور اس کے لیے مختص وسائل سے متعلق مزید تفصیلات متعلقہ حکام کی جانب سے سامنے آنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button