ڈہرکی میں سینئر صحافی عظیم سیال کے اغوا کے خلاف احتجاج

گھوٹکی(رپورٹ: وجے کمارچاولا)ڈہرکی میں سینئر صحافی عظیم سیال کے اغوا کے خلاف اور ان کی جلد بازیابی کے لیے نیشنل پریس کلب ڈہرکی کے صحافیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاج کی قیادت نیشنل پریس کلب ڈہرکی کے صدر لالا قادر بھٹو، نائب صدر میر حسن لاشاری، جنرل سیکریٹری عابد ملک، قادری جٹ، علی رضا اور وجے کمار چاولہ نے کی۔اس موقع پر صحافیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور عظیم سیال کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے نعرے لگائے۔ صحافیوں نے عظیم سیال کی گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔مظاہرین نے ایس ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا کہ سینئر صحافی عظیم سیال کی بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔صحافیوں کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ عظیم سیال کی محفوظ بازیابی تک صحافتی برادری اپنی آواز بلند کرتی رہے گی صحافیوں نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر عظیم سیال کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔



