ٹھٹھہ کے بیروزگار نوجوانوں کی نوکریوں میں مبینہ نظراندازی کے خلاف ریلی، احتجاج

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے)ٹھٹھہ کے بیروزگار نوجوانوں نے مختلف سرکاری و نجی اداروں اور کمپنیوں میں ملازمتوں کے مواقع میں مبینہ نظراندازی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔

ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بیروزگار نوجوانوں نے ونڈ انرجی منصوبوں، کے فور منصوبے، این جی اوز اور دیگر اداروں میں روزگار کے مواقع نہ ملنے کے خلاف ایدھی سینٹر سے ریلی کا آغاز کیا۔ ریلی قومی شاہراہ سے ہوتی ہوئی پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے پہنچی۔

ریلی میں شریک نوجوانوں نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور ’’ادارے ہمارے، قبضہ دوسروں کا، نامنظور نامنظور‘‘ اور ’’روزگار ہمارا بنیادی حق ہے‘‘ سمیت مختلف نعرے لگائے۔

نوجوان رہنماؤں ملک نواز جوکھیو، مظفر علی بروہی، قدیر گل بلوچ، سراج جوکھیو، نور نبی خاصخیلی، غلام قادر بروہی، یاسین جوکھیو، محمد عالم خشک اور دیگر نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ کے پڑھے لکھے نوجوان ملازمتوں کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان گزشتہ 27 روز سے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں، تاہم ان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال مطالبات پر مؤثر توجہ نہیں دی گئی۔

مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ ٹھٹھہ میں قائم ونڈ انرجی منصوبوں پر کام کرنے والی ملکی و غیر ملکی کمپنیوں میں مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مناسب روزگار کے مواقع نہیں دیے جا رہے۔ ان کے مطابق کے فور منصوبہ بھی ضلع ٹھٹھہ سے گزر رہا ہے، تاہم مقامی نوجوانوں کو اس منصوبے میں ملازمتوں کے مواقع نہیں مل رہے۔

نوجوان رہنماؤں نے مزید الزام عائد کیا کہ مختلف این جی اوز میں بھی مقامی افراد کے بجائے باہر سے آنے والے افراد کو ملازمتیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ٹھٹھہ کے منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع یقینی بنائے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button