تعلیم کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، میرا مقابلہ سیاسی میدان میں کریں، رانا سکندر حیات

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بچیوں کو لیکچر دینے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک مخصوص ویڈیو کلپ کے جواب میں نیا ویڈیو کلپ جاری کردیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں لیکچر کے نتائج اور اس کے اثرات کو نمایاں کیا گیا ہے، جس میں بچیاں منظم انداز میں آئس کریم کھاتی اور اس کے خالی ریپر ڈسٹ بن میں ڈالتی دکھائی دے رہی ہیں۔
رانا سکندر حیات کے مطابق انہوں نے لیکچر والے دن اپنی کلاس سمیت سکول کی تمام 1100 بچیوں کو ذاتی جیب سے آئس کریم کھلائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیکچر کے دوران بچیوں کو اخلاقیات، گندگی پھیلانے سے اجتناب اور صفائی کا خیال رکھنے کی نصیحت کی گئی تھی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ بچیوں نے آئس کریم کھانے کے بعد خالی ریپر ڈسٹ بن میں ڈال کر صفائی کے حوالے سے دی گئی ہدایت پر عملی طور پر عمل کرکے دکھایا۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص طبقے نے محض اپنی ریٹنگ کے لیے ان کے ویڈیو کلپ کا مخصوص حصہ استعمال کیا، تاہم مکمل ویڈیو سے صورتحال کا دوسرا رخ بھی سامنے آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’آئس کریم بھی کھائی، ریپر بھی ڈسٹ بن میں ڈالا؛ بچیوں نے صفائی کا عملی مظاہرہ کیا۔‘‘
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کو صاف معاشرے اور بہتر تربیت کی بات گوارا نہیں، تاہم تعلیم کا دھارا درست سمت میں لے جانے کے اقدامات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
رانا سکندر حیات نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیاسی اختلاف ہے تو اس کا مقابلہ سیاسی میدان میں کیا جائے اور تعلیم کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’’سیاست میں مات نہ دے سکے تو تعلیمی امور کے خلاف محاذ کھول لیا، ایسا نہیں چلنے دیں گے۔‘‘
صوبائی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں نے معاشرے کو سیاسی کشمکش میں الجھا رکھا ہے، انہیں سکولوں میں صفائی، اخلاقیات اور بہتر تربیت کی بات شاید ناگوار گزرتی ہو، تاہم وہ تعلیمی امور میں اپنا راستہ تبدیل نہیں کریں گے۔



