سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے کے بعد عالمی تیل منڈی میں پھر بھونچال،خطہ انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،علی پرویزملک

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خطہ انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے کے بعد عالمی تیل منڈی میں ایک بار پھر شدید اتھل پتھل پیدا ہوگئی ہے اور خام تیل کی قیمت 132 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنا آسان ہے، تاہم احتجاج کے ساتھ مسائل کا حل بھی بتایا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ 27 ستمبر کو پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی ہے، سیاسی بنیادوں پر احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں، تاہم موجودہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو اسلام آباد پر یلغار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاست کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت کو جو کچھ کرنا پڑا، وہ کرے گی۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے تیل سستا کرنا ان کی ذمہ داری ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ذمہ دار حکومت کی حیثیت سے عوام کو تیل کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button