لاہور میں ایل پی جی بحران سنگین،سرکاری نرخ 258 مگرفروخت500روپے کلو تک پہنچ گئی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں قلت کی شکایات بھی شدت اختیار کرنے لگی ہیں، سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمت میں بڑا فرق سامنے آگیا۔
حکومتی نرخ 258 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود شہریوں کو مختلف علاقوں میں ایل پی جی 420 سے 500 روپے فی کلو تک خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بلیک مارکیٹنگ کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
ایل پی جی کی قیمت میں غیر معمولی اضافے اور دستیابی میں مشکلات نے گھریلو صارفین کے ساتھ رکشہ ڈرائیورز کی مشکلات بھی بڑھا دی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی عدم دستیابی کے باعث انہیں مہنگے داموں گیس خریدنا پڑ رہی ہے۔
دوسری جانب رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ایل پی جی مہنگی ہونے سے روزانہ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث محدود آمدنی میں گھر کا بجٹ چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے ایل پی جی کی قیمتوں اور دستیابی کی صورتحال کا فوری نوٹس لیں، سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنائی جائے اور مبینہ بلیک مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔



