مہنگائی کا جن بے قابو، سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں سے کئی گنا مہنگے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ اور عام مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں میں واضح فرق نے مہنگائی کے مارے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ عام بازاروں میں متعدد سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں کے بجائے من مانے داموں فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
سرکاری نرخ کے مطابق بھنڈی 180 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم عام مارکیٹ میں یہی بھنڈی 240 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔
اسی طرح بینگن کا سرکاری ریٹ 80 روپے فی کلو ہے، مگر شہری اسے 130 روپے فی کلو تک خریدنے پر مجبور ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق دیکھا جارہا ہے۔ سیب کا سرکاری نرخ 310 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 400 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے، جبکہ کیلے کا سرکاری ریٹ 210 روپے فی درجن ہے لیکن شہریوں کو یہ 300 روپے فی درجن تک مل رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی مہنگی ہوجاتی ہیں، جس سے محدود آمدنی والے گھرانوں کے لیے گھر کا بجٹ چلانا مشکل ہوگیا ہے۔
شہریوں نے کہا کہ سہولت بازاروں میں بعض اشیاء نسبتاً مناسب نرخوں پر دستیاب ہیں، تاہم عام مارکیٹوں میں بھی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول ضروری ہے۔
عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عام بازاروں میں سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔
مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف سہولت بازاروں تک ریلیف محدود رکھنے کے بجائے عام مارکیٹوں میں بھی سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔



