یومِ دفاع و شہداء پر مٹھی میں پاکستان محافظ فورم کی شاندار ریلی، پاک فوج اور شہداء کو خراجِ عقیدت

تھرپارکر (رپورٹ:مندھیرو کاجھری\جانوڈاٹ پی کے) یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان محافظ فورم مٹھی، تھرپارکر (رجسٹرڈ) کی جانب سے پاک فوج کے بہادر جوانوں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شاندار ریلی نکالی گئی۔

پاکستان محافظ فورم کی مرکزی قیادت، سرپرستِ اعلیٰ صاحبزادہ ڈاکٹر عابد سلطان باھو، مرکزی چیئرمین راجہ سرور سومرو اور مرکزی چیئرپرسن ڈاکٹر سدرہ کی خصوصی ہدایت پر نکالی گئی ریلی میں شرکاء نے صادق فقیر چوک، نیشنل بینک اور پاکستان چوک پر گشت کیا۔

ریلی کے دوران شرکاء نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’پاک آرمی زندہ باد‘‘ اور ’’پاک دفاعی ادارے زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے اور ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ریلی کی قیادت سینئر وائس چیئرمین پرکاش ولاسائی، میندھرو کاجھروی، سورج لکھوانی، لجپت رائے، راجہ گووند مالہی اور کملیش ایم کیلا نے کی، جبکہ خوشاجی کاجھروی، ونود ولاسائی سمیت دیگر شہریوں، مزدوروں اور بیوپاریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان محافظ فورم کے رہنماؤں نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا اہم اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جب قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اتحاد، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج پوری قوم کا فخر ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ پاکستان محافظ فورم تھرپارکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button