سوات کے پہاڑوں پر سال کی پہلی برفباری، کالام نے سفید چادر اوڑھ لی

سوات (جانو ڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقے اپر سوات اور وادیٔ کالام کے بلند پہاڑوں پر سال کی پہلی برفباری نے موسم کا رنگ بدل دیا، برف باری کے بعد بلند پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی جبکہ سردی کی شدت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا۔

سال کی پہلی برفباری نے وادیٔ کالام کے قدرتی حسن کو مزید دلکش بنا دیا۔ برف سے ڈھکے پہاڑوں، ٹھنڈی ہواؤں اور حسین مناظر نے علاقے کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیے۔

موسم میں اچانک تبدیلی کے باعث کالام اور اپر سوات کے بلند علاقوں میں سرد موسم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ مقامی آبادی نے سردی سے بچاؤ کے لیے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا، جبکہ برفباری کے بعد علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں میں بھی اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

مقامی افراد کے مطابق برفباری کے بعد وادی کا منظر انتہائی دلکش ہوگیا ہے اور دور دور تک پھیلے برف پوش پہاڑ سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔

سوات کا شمالی حصہ، خصوصاً اپر سوات اور کالام، پاکستان کے اہم سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ موسم سرما میں برف سے ڈھکے پہاڑ اور وادی کے حسین مناظر ملک بھر سے سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔

قدرت کے اس حسین نظارے نے کالام کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کردیا ہے اور سال کی پہلی برفباری نے وادی کو موسمِ سرما کے دلکش استقبال کے لیے تیار کردیا۔

مزید خبریں

Back to top button