بارشوں کا حیران کن اثر! اسلام آباد ایکسپریس وے پر اچانک قدرتی چشمہ پھوٹ پڑا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) حالیہ موسلا دھار بارشوں کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک حیران کن قدرتی منظر سامنے آگیا، زیرو پوائنٹ کے مقام پر اسلام آباد ایکسپریس وے کے قریب زیرِ زمین پانی کا قدرتی چشمہ پھوٹ پڑا۔
سوشل میڈیا پر پانی کی لیکیج کی ویڈیو وائرل ہونے اور شہریوں کی جانب سے شکایات سامنے آنے کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آگئی۔ ڈی جی واٹر سردار خان زمری نے خود موقع پر پہنچ کر صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔
معائنے کے بعد ڈی جی واٹر نے واضح کیا کہ مذکورہ مقام پر سی ڈی اے کی کوئی پائپ لائن موجود نہیں اور پانی کا اخراج کسی سرکاری لائن میں خرابی کے باعث نہیں ہو رہا، بلکہ حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں زیرِ زمین پانی کی سطح بلند ہونے سے یہاں قدرتی چشمہ نمودار ہوا ہے۔
حیران کن طور پر یہ قدرتی مظہر صرف ایکسپریس وے تک محدود نہیں۔ ڈی جی واٹر کے مطابق پاکستان مونومنٹ کی پہاڑی اور منسٹر انکلیو سے ملحقہ پہاڑی کے نیچے سے بھی اسی نوعیت کے قدرتی چشمے پھوٹ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں قدرتی چشموں کا دوبارہ نمودار ہونا شہریوں کے لیے بھی خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب رواں سال مئی اور جون کے گرم مہینوں میں شہر کو پانی کی شدید قلت کا سامنا رہا اور زیرِ زمین پانی کی سطح میں نمایاں کمی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
زیرِ زمین پانی کی سطح گرنے کے باعث شہریوں کے بورنگ سسٹم بھی متاثر ہوئے تھے، تاہم حالیہ موسلا دھار بارشوں اور قدرتی چشموں کے ظہور نے زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں بہتری کی نئی امید پیدا کردی ہے۔
ماہرین اور شہریوں کے مطابق اگر بارشوں کا یہ سلسلہ زیرِ زمین پانی کی سطح کو مزید بہتر بناتا ہے تو اسلام آباد میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
یوں حالیہ بارشیں جہاں شہریوں کے لیے مشکلات اور مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کا باعث بنیں، وہیں اسلام آباد کی زمین سے قدرتی پانی کا چشمہ پھوٹ پڑنا ایک حیران کن اور امید افزا منظر بن گیا۔



