بدین میں پرائمری اساتذہ کا سروس اسٹرکچر کے مطالبے کیلئے احتجاج، نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) آل سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (پ ٹ الف) کی مرکزی اعلان کردہ احتجاجی تحریک کے تحت بدین میں پرائمری اساتذہ نے سروس اسٹرکچر سمیت دیگر جائز مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس سلسلے میں غریب آباد پرائمری اسکول سے پریس کلب بدین تک ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں پرائمری اساتذہ نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے سندھ حکومت سے پرائمری اساتذہ کے سروس اسٹرکچر کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے اور دیگر جائز مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر پ ٹ الف بدین کے صدر منظور آریسر، ڈویژنل جنرل سیکرٹری صوفی سرمد، سینئر نائب صدر برکت میمن، تعلقہ صدر سلیم ترک، علی اکبر نہڑیو، محمد عمر سومرو، ذوالفقار رند، امرسنگھ رانو اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ پرائمری اساتذہ طویل عرصے سے اپنے جائز مطالبات کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اس کے باوجود ان کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ ہے کہ پرائمری اساتذہ کے سروس اسٹرکچر کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے اور دیگر جائز مطالبات بھی تسلیم کیے جائیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کو اساتذہ کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے بجائے سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے چاہئیں تاکہ سندھ کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری لائی جاسکے۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ سروس اسٹرکچر کے مطالبے کی منظوری تک سندھ بھر میں احتجاجی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button