پیٹرولیم لیوی کے خلاف بدین میں مکمل شٹر ڈاؤن، جماعت اسلامی کی کال پر کاروباری مراکز بند

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی پاکستان کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد حکومتی لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ضلع بدین کے مختلف شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، جس کے باعث اہم تجارتی مراکز بند رہے اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں۔

بدین، گولارچی، ٹنڈوباگو، شادی لارج، تلہار، کھوسکی اور پنگریو سمیت ضلع کے مختلف شہروں میں تاجروں نے ہڑتال میں بھرپور حصہ لیا۔ بدین شہر کے اہم تجارتی مراکز شہباز روڈ، قائداعظم روڈ، شاہی بازار اور صرافہ بازار مکمل طور پر بند رہے۔

تاجر تنظیموں نے جماعت اسلامی کی جانب سے دی گئی پرامن ہڑتال کی کال کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ضلع بھر میں بیشتر کاروباری مراکز میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔

جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نت نئے ٹیکسز اور لیویز کے ذریعے ان کی جیبوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی مہنگائی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت غیر ضروری اخراجات، شاہانہ مراعات اور کرپشن کا خاتمہ کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے تحت 3 ستمبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی تھی۔ جماعت اسلامی کے مطابق احتجاج کا مقصد عوام پر عائد اضافی مالی بوجھ ختم کرانا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف حاصل کرنا ہے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکرٹری عبدالکریم بلیدی، نائب امراء اللہ بچایو ہالیپوٹہ، غلام رسول احمدانی، پروفیسر علی احمد بلیدی، علی گل منصوری، ایاز لطیف سومرو، سلیم جونیجو، عبدالغفار بلیدی، اکبر جونیجو، حافظ عبدالشکور کھوسہ اور دیگر مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button