پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی مہم ’’عزمِ استحکام‘‘ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، جو ملکی سرحدوں کے دفاع اور وطن کی سلامتی کے لیے مسلسل برسرِ پیکار ہیں۔

حالیہ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے غلام خان سیکٹر کے قریب دراندازی کی کوشش کرنے والے 15 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے پاکستان میں داخل ہونے اور تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا۔

مزید خبریں

Back to top button