بھارتی وزیر سبودھ انیال کا دلیر مہندی سے معافی مانگنے سے انکار

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے وزیر سبودھ انیال نے گلوکار دلیر مہندی کے ساتھ حال ہی میں ہونے والی تلخ کلامی پر ان سے معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے، جس سے ان تمام سابقہ خبروں کی تردید ہوتی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
ایک انٹرویو میں وزیر نے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے اور سوال اٹھایا کہ وہ گلوکار سے معافی کیوں مانگیں؟ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے دلیر مہندی سے معافی مانگی ہے، تو انہوں نے اس بات کو رد کرتے ہوئے کہا، "میرا معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔”
وزیر انیال نے مزید سوال اٹھایا کہ کیا انہوں نے کوئی غلط کام کیا ہے جس پر معافی کی ضرورت ہو۔ انھوں نے ان خبروں پر بھی ناگواری کا اظہار کیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے گلوکار سے معافی مانگ لی ہے۔ ان کا موقف تھا کہ اگر دلیر مہندی کی طبیعت خراب تھی تو انہیں یا تو اپنی پرفارمنس منسوخ کر دینی چاہیے تھی یا پہلے سے ہی منتظمین اور شائقین کو اپنی حالت سے آگاہ کر دینا چاہیے تھا۔
سابقہ خبروں میں بتایا گیا تھا کہ واقعے کے بعد انیال نے دلیر مہندی سے معافی مانگ لی ہے۔ میکا سنگھ کی ٹیم کے ایک بیان میں اشارہ دیا گیا تھا کہ وزیر نے گلوکار کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران افسوس کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب اتراکھنڈ کے میں دلیر مہندی کی پرفارمنس کے دوران ریاستی وزیر سبودھ انیال نے مداخلت کی۔
ریاستی وزیر نے الزام عائد کیا کہ گلوکار شراب کے نشے میں تھے اور پرفارمنس کے دوران لپ سنکنگ (گانے پر صرف ہونٹ ہلانا) کر رہے تھے، جبکہ یہ تقریب نوراتری کے دوران ایک مذہبی مقام پر منعقد کی جا رہی تھی۔



