خطے میں امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں،خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ خیال ہے کہ تہران میں چاروں ملکوں کی ملاقات میں پیشرفت ہوئی ہے، ایران سے امن کے لیے مشترکہ کوششوں کا عندیہ ملا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افسوسناک بات ہے کہ حوثیوں نے حرمین شریفین پر حملے کرنے کی کوشش کی، معاہدے کے تحت ہم پر بھی سعودی عرب کا دفاع لازم ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ واضح ہوگیا ہے کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کے اقدامات کے ثمرات مل رہے ہیں، فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے عالمی امن کیلئے کام کیا ہے۔
خیال رہے کہ مکہ اتحاد کے رکن ملکوں نے تہران میں آج ایران کے ساتھ مذاکرات کیے۔
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ”چاروں ملکوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔”
مذاکرات کی میزبانی ایران کے سیکیورٹی چیف محسن رضائی نے کی۔
اجلاس میں سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان، پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر اور ترک انٹیلی جنس کے سربراہ ابراہیم قالین شریک ہوئے۔ اجلاس کا مرکزی موضوع ”خطے میں امن و سلامتی“ تھا۔



