پیٹرولیم لیوی کے خلاف بدین میں زبردست شٹر ڈاؤن، بازار بند، جماعت اسلامی کارکنوں کا گشت

ٹنڈوباگو (رپورٹ: محمد سلیم میمن \جانو ڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد حکومتی لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ضلع بدین کے مختلف شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، جس کے باعث اہم تجارتی مراکز اور بازار بند رہے۔

بدین، ٹنڈوباگو، گولارچی، تلہار، ماتلی، شادی لارج، کڈھن، کھوسکی اور پنگریو سمیت ضلع کے مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند رہے، جبکہ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مختلف علاقوں میں گشت کرکے تاجروں سے ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون کی اپیل کی۔

بدین شہر میں شہباز روڈ، قائداعظم روڈ، شاہی بازار اور صرافہ بازار سمیت اہم کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے۔ تاجر تنظیموں نے بھی پرامن شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نت نئے ٹیکسز اور لیویز کے ذریعے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی مہنگائی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت غیر ضروری اخراجات، شاہانہ مراعات اور کرپشن کا خاتمہ کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہڑتال کو کامیاب بنانے میں تاجر، ٹرانسپورٹرز، مزدور، کسان، طلبہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعاون کیا، جس پر جماعت اسلامی ان کی مشکور ہے۔

ہڑتال کے دوران جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکریٹری عبدالکریم بلیدی، نائب امراء اللہ بچایو ہالیپوٹہ، غلام رسول احمدانی، پروفیسر علی احمد بلیدی، علی گل منصوری، ایاز لطیف سومرو، سلیم جونیجو، عبدالغفار بلیدی، اکبر جونیجو، حافظ عبدالشکور کھوسہ اور دیگر مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی، مہنگائی اور عوام پر بڑھتے معاشی بوجھ کے خلاف 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی، جس پر مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند رہے۔

مزید خبریں

Back to top button