خیبرپختونخوا میں مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی سے ریکارڈ آمدن، 34 کروڑ روپے حاصل

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی سے ریکارڈ آمدن حاصل ہوئی ہے، چترال اور کوہستان میں ہونے والی نیلامی کے دوران مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 800 امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 34 کروڑ روپے کی رقم حاصل ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق مارخور کے شکار کے پرمٹس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 66 ہزار ڈالر زیادہ ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ساڑھے 7 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

نیلامی میں چترال کے مختلف علاقوں اور کوہستان کے لیے مارخور کے شکار کے پرمٹس کی نمایاں بولیاں لگائی گئیں۔ توشی ون چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر، توشی ٹو چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر، گہریت گول چترال کا پرمٹ 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر جبکہ کیگاہ کھوار کوہستان کا پرمٹ 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا۔

حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹی کو دیا جائے گا، جبکہ باقی 20 فیصد سرکاری خزانے میں جمع ہوگا۔

اس آمدن سے مقامی آبادی کو مالی فوائد پہنچانے کے ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کی حفاظت سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button