پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خفیہ سیل قائم: وزیراعلیٰ مریم نواز کا زیرو ٹالرنس کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا، جبکہ کرپشن کی نشاندہی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی خفیہ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قائم خفیہ سیل کی رپورٹس براہِ راست انہیں پیش کی جا رہی ہیں، جبکہ کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں اور رنگے ہاتھوں گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہونے کی اطلاع ہے۔
وزیراعلیٰ نے کرپشن کے خلاف جاری کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ عوامی شکایات کے اندراج کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہیلپ لائن 1350 قائم کی گئی ہے۔
مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ جہاں کہیں کرپشن، رشوت طلب کرنے یا اختیارات کے ناجائز استعمال کا معاملہ سامنے آئے، فوری اطلاع دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شکایت پر کارروائی ہوگی اور شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے، جبکہ لوٹی گئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری ہے، جو ہاتھ عوام کے پیسے کی طرف بڑھے گا اسے روکا جائے گا۔
مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہر منصوبے کے معیار اور اخراجات کا آزادانہ جائزہ لازمی قرار دیا ہے۔ کرپشن سے متعلق شکایات پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کیے گئے ہیں، اگر ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا اور خوردبرد کرنے والا ہر شخص قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے سی ایم میرٹ بیج کا نظام موجود ہے، جبکہ کرپشن کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہوگی۔ کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام کا اعتماد حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور وہ اس پر آنچ نہیں آنے دیں گی۔



