مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی ہڑتال، ٹھٹھہ میں کاروباری مراکز اور پٹرول پمپ مکمل بند

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کے خلاف دی گئی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر ٹھٹھہ میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں۔

ٹھٹھہ شہر، ضلعی ہیڈکوارٹر مکلی سمیت ضلع کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند رہیں، جبکہ پٹرول پمپس بھی بند ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے ملک بھر میں مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔

ٹھٹھہ میں ہڑتال کے باعث معمول کی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور شہر کے اہم تجارتی مراکز میں سناٹا چھایا رہا۔ شہریوں اور تاجروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور دیگر معاشی مشکلات کے خلاف گزشتہ کئی روز سے ملک کے مختلف بڑے شہروں میں دھرنے اور احتجاج جاری تھے، جن کے بعد احتجاج کا دائرہ ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال تک بڑھایا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button