مذاکراتی ڈیڈلاک ختم کرانے کے لیے مولانا فضل الرحمان متحرک، وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطے کا امکان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات کی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی، جبکہ سیاسی مذاکرات میں تعطل ختم کرانے کے لیے مولانا فضل الرحمان کے کردار ادا کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان مذاکراتی ڈیڈلاک ختم کرانے اور فریقین کے درمیان موجود تنازعات طے کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے مصالحانہ کردار ادا کرنے کے لیے بعض شرائط بھی پیش کی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کو مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پیش کی گئی شرائط سے آگاہ کردیا ہے، جبکہ ان کا خصوصی پیغام بھی وزیراعظم تک پہنچا دیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی متوقع ہے، جس میں مذاکراتی عمل، سیاسی کشیدگی اور ڈیڈلاک ختم کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بات چیت ہوسکتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ممکنہ مصالحانہ کردار اور وزیراعظم سے متوقع رابطے کو سیاسی مذاکرات میں پیش رفت کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلے اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق باضابطہ اعلان سامنے آنا باقی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button