آبنائے ہرمز میں زوردار دھماکے، تیل بردار جہازوں کے سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کا خدشہ

تہران(ویب ڈیسک) آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں متعدد زوردار دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد اہم بحری گزرگاہ میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے میں کئی زوردار دھماکے سنے گئے۔ خبر رساں ایجنسی فارس نے نامعلوم فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تہران کی جانب سے اجازت نہ دیے گئے راستوں سے گزرنے والے تیل بردار بحری جہاز ممکنہ طور پر سمندر میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ان دھماکوں کا تعلق آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت پر عائد پابندیوں اور غیر مجاز راستوں کے استعمال سے ہوسکتا ہے، تاہم دھماکوں کی اصل وجہ اور کسی بحری جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب آبنائے ہرمز میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور ایران نے بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ تہران کی اجازت کے بغیر مقرر کردہ راستوں سے گزرنے سے گریز کریں۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے۔ یہاں کسی بھی ممکنہ بحری حادثے یا سکیورٹی صورتحال میں بگاڑ سے بین الاقوامی تجارت اور تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوسکتے ہیں۔



