وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی ملاقات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری اقدامات، منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے نوجوانوں کو جدید تعلیم و تربیت، مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنے، ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع پیدا کرنے اور روزگار و کاروبار کے مواقع بڑھانے سے متعلق مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری تعلیمی، ہنرمندی، ڈیجیٹل اور فلاحی پروگراموں کا دائرہ مزید وسیع کرنے اور ان کے مؤثر و شفاف نفاذ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو مزید مؤثر، نتیجہ خیز اور نوجوانوں کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے، جبکہ ترجیحی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار بھی مزید تیز کی جائے۔

ملاقات میں نوجوانوں کو مستقبل کی مارکیٹ اور ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے، انہیں بااختیار بنانے اور ملک میں روزگار و کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button