پمز سانحہ کے بعد بڑا اقدام، وفاقی سرکاری ہسپتالوں میں فوری فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر وفاق کے زیر انتظام تمام سرکاری ہسپتالوں میں فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ فائر سیفٹی آڈٹ مجاز اور ماہر فائر سیفٹی کمپنی کے ذریعے جامع طور پر کرایا جائے گا۔
آڈٹ کے دوران ہسپتالوں میں فائر الارم، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹ اور ہنگامی انخلا کے راستوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ بجلی سمیت دیگر ممکنہ فائر ہیزرڈز کی بھی جانچ ہوگی۔
ترجمان کے مطابق ایمرجنسی رسپانس کے انتظامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہسپتال کے عملے کی تیاری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت صحت نے ہدایت کی ہے کہ آڈٹ کے دوران سامنے آنے والی ایسی خامیاں جو جان و مال کیلئے فوری خطرہ بن سکتی ہیں، انہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔
تمام ہسپتالوں کو آڈٹ کے آغاز، متعلقہ فائر سیفٹی کمپنی کے نام اور آڈٹ مکمل ہونے کی متوقع تاریخ سے وزارت صحت کو فوری آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو سرکاری و نجی صحت اداروں میں فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرانے اور اس کی تصدیق کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔
وزارت صحت کو پیش کی جانے والی جامع رپورٹ میں ان تمام صحت اداروں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں فائر سیفٹی آڈٹ شروع ہوچکا ہے، جبکہ آڈٹ زیر التوا رکھنے والے اداروں کی تفصیلات بھی رپورٹ کا حصہ ہوں گی۔



