دھرنے سے اٹھانے کی کوشش کی تو اپنا شوق پورا کرلیں، حافظ نعیم الرحمان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر کسی نے ہمیں دھرنے سے اٹھانے کی کوشش کی تو وہ اپنا شوق پورا کرلے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کی صورت میں غریب عوام سے بھتا ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ دھرنوں اور احتجاج کی صورت میں ملک بھر میں تاریخی جدوجہد شروع ہوچکی ہے۔ سیکڑوں مقامات پر جاری دھرنوں سے عوام میں بیداری اور شعور پیدا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں فرق آنے کے باوجود پٹرول سستا نہیں کیا جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ فارم 47 والی حکومت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اپنے اخراجات ایک ٹریلین روپے تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ ملک میں لوڈشیڈنگ عروج پر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری گاڑیوں کی حد 1300 سی سی سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور میں طویل دھرنے بھی دے سکتی ہے، جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر کسی نے دھرنے سے اٹھانے کی کوشش کی تو اپنا شوق پورا کرلے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔



