گٹر میں گر کر جاں بحق 8 سالہ بچی کے والدین کو ڈیڑھ کروڑ روپے معاوضہ دینے کا حکم


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سٹی کورٹ نے کیماڑی میں آٹھ سالہ بچی حبیبہ کے گٹر میں گرنے سے جاں بحق ہونے کے واقعے سے متعلق والدین کے معاوضے کے دعوے کا فیصلہ سنا دیا۔
سینئر سول جج غربی نے بچی کے والدین کو ڈیڑھ کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
بچی کے والدین کی جانب سے وکیل فرخ عثمان ایڈووکیٹ کے مطابق واقعہ 2021 میں شیر محمد ولیج، ماڑی پور روڈ پر پیش آیا تھا۔ آٹھ سالہ حبیبہ گھر سے باہر کھیلنے کیلئے گئی تھی، تاہم دو روز بعد اس کی لاش علاقے میں موجود ایک گٹر سے ملی، جس کا ڈھکن غائب تھا۔
وکیل کے مطابق بچی کے والدین نے واقعے کے بعد ڈھائی کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، جس میں واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور حکومت سندھ کو فریق بنایا گیا تھا۔
عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے والدین کو ڈیڑھ کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔