پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار، مائیک ہیسن کو لارڈز ٹیسٹ کے دوران طلب کرلیا گیا


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز جاری ہے، جس میں پاکستانی ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ لارڈز ٹیسٹ میں بھی قومی ٹیم دباؤ کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو لارڈز ٹیسٹ کے دوران طلب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیک ہیسن آج لاہور سے لندن کیلئے روانہ ہوں گے۔
مائیک ہیسن کی انگلینڈ طلبی کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔ تاہم وہ پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور ان کا معاہدہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ برقرار ہے۔
واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان پہلی اننگز میں صرف 110 رنز پر آؤٹ ہوگیا تھا، جس کے بعد انگلینڈ نے میچ پر مضبوط گرفت حاصل کرلی۔