ڈائیلاگ کے سوا کوئی حل نہیں، طاقت سے کچھ نہیں منوایا جا سکتا، مذاکرات کے لیے آئی، ملک احمد خان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، طاقت کے استعمال سے کسی کو کچھ منوانے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، اس لیے سیاسی جماعتوں کو بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سیاسی محاذ آرائی اور دھرنوں سے ملک کی معیشت متاثر ہوتی ہے۔ ان کے بقول احتجاجی سیاست کے باعث سیاسی قوتیں اپنی گنجائش محدود کر رہی ہیں، جبکہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی ضرورت ہے۔
ملک محمد احمد خان نے محمود خان اچکزئی کے اس بیان کو مثبت قرار دیا جس میں انہوں نے نواز شریف سے بات کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو اختلافات ختم کرنے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر فوجی تنصیبات کو جلایا جا سکتا ہے تو کاروباری مراکز اور دکانیں بھی نقصان کا نشانہ بن سکتی ہیں۔ ان کے مطابق کاروباری حلقوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو تو کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں، جس کے منفی اثرات ملکی معیشت پر پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کاروبار کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔ جب کاروباری سرگرمیاں بہتر ہوں گی تو معیشت ترقی کرے گی اور لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ملک محمد احمد خان نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کو تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ ملک میں استحکام پیدا ہو اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔



