مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج منصوبے 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج کے منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں پر ڈبل شفٹ میں کام جاری رکھا جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ منصوبے ہر صورت 31 دسمبر تک مکمل کیے جا سکیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو موٹروے تک آمدورفت کے لیے متبادل راستہ میسر آئے گا، جس سے سفری سہولتوں میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔
Interior Minister @MohsinnaqviC42 and Minister of State Talal Chaudhry review Margalla road extension, Sangjani interchange projects@MOIofficialGoP @dcislamabad @ICT_Police #RadioPakistan #news https://t.co/hz7Tjuk8Vn pic.twitter.com/EsXWSvKOf4
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) October 10, 2026
وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی راہ میں حائل تمام تجاوزات ایک ہفتے کے اندر ختم کی جائیں، جبکہ تعمیراتی کاموں میں رکاوٹ بننے والے دیگر مسائل بھی فوری طور پر دور کیے جائیں۔
دورے کے دوران کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق مارگلہ روڈ سے سنگجانی انٹرچینج تک منصوبے کی مجموعی لمبائی 2.7 کلومیٹر ہے، جبکہ اس میں ایک انڈر پاس اور ایک انٹرچینج بھی شامل ہے۔
محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت میں منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور تعمیراتی کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دی جائے۔



