ٹانک روڈ پر دہشتگردوں کی فائرنگ، ڈی ایس پی سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان(جانوڈاٹ پی کے) ٹانک روڈ پر ہتھالہ کے قریب دہشتگردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ہتھالہ کی حدود میں علی امین گنڈاپور فارم کے قریب پیش آیا، جہاں دہشتگردوں نے ڈی ایس پی کلاچی کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

پولیس ترجمان کے مطابق اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران پولیس کی گاڑی الٹ گئی، جس سے متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔

حملے میں ڈی ایس پی کفایت اللہ مروت، اے ایس آئی محمد نعمان اور لیڈی کانسٹیبل امبر سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں پولیس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر اور ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button