نئے اور چھوٹے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، پنجاب بار کونسل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب بار کونسل نے ملک میں نئے اور چھوٹے صوبے بنانے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔
چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل چوہدری ارشد علی ہنجرا نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مزید چھوٹے صوبے بننے چاہئیں۔
چوہدری ارشد علی ہنجرا کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر نئے صوبوں کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نئے صوبے بننے سے ملک کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوسکتی ہے، جبکہ چھوٹے صوبوں کے قیام سے انتظامی امور بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔
چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل نے پاکستان بار کونسل کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق منظور کی گئی قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں اس معاملے پر سنجیدگی سے پیش رفت ہونی چاہیے۔



