آیت نور کیس: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا والد سے اظہار تعزیت، ملزمان کو سخت سزا دینے کا عزم

ہری پور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی آیت نور کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے بچی کے والد سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

آیت نور کے والد نے ہری پور کے عوام اور دیگر افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب ان کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور معصوم بچی کے حقیقی قاتل کو سرعام پھانسی دی جائے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ آیت نور کے اہلخانہ کے غم میں پوری خیبر پختونخوا کی عوام برابر کی شریک ہے، یہ صرف آپ کی بچی نہیں بلکہ ہماری بچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچی کے ساتھ انتہائی انسانیت سوز سلوک کیا گیا۔

والد سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملزم کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا اور حکومت اس معاملے میں مکمل تعاون کرے گی، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر انتظامیہ کی موجودگی میں بچے محفوظ نہیں تو پھر دفاتر کو تالے لگنے چاہئیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے عدالتوں سے بھی اپیل کی کہ ملزمان کو کسی قسم کا ریلیف نہ دیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چائلڈ پروٹیکشن بل کو آیت نور کے نام سے منسوب کیا جائے گا جبکہ بچی کے علاقے کے ہائی اسکول کا نام بھی آیت نور کے نام پر رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہری پور میں پانچ سالہ آیت نور کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیا تھا۔ بعدازاں بچی کی بوری بند لاش ایک کنویں سے برآمد ہوئی، جو تقریباً 15 روز بعد ملی۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button